جمعہ، 30 اکتوبر، 2020

وہ گستاخ نبی مگر تم کیا ہو؟ صفی الرحمن فیضی

.

ﺑِﺴْـــــــــــــﻢِﷲِالرَّحْمٰنِﺍلرَّﺣِﻴﻢ 
╰┄┅┄┅┄┅┄┄┅┄┅┄┅┄╯

وہ ہیں گستاخ نبی ﷺ۔۔۔۔۔مگر تم کیا ہو؟ 

   صفی الرحمن ابن مسلم فیضی بندوی 
جامع عمار بن یاسر۔ الجبیل۔ سعودی عرب 

~~~~؛ 

فرانس کی مصنوعات کا بائیکاٹ ضروری۔۔۔مگر شرکیہ عقائد، بدعات و خرافات اور بداخلاقیوں کا بائیکاٹ کب؟۔۔۔۔۔ 

فرانس کے صدر میکرون ملعون نے نبی اکرم ﷺ کے متعلق نازیبا بیان کے ذریعہ اپنے اندر کی غلاظت و خباثت کا اظہار کر کے دنیا کا بدترین دہشت گرد ہونے کا ثبوت پیش کیا ہے۔

مسلمان اپنے نبی ﷺ پہ جان و مال، والدین و اولاد سب کچھ قربان کر سکتا ہے، مگر اس طرح کی گستاخی برداشت نہیں کر سکتا۔

لیکن افسوس کا مقام یہ ہے کہ مسلمان اس وقت جاگتا ہے، جب اس طرح کے ناہنجار کھڑے ہوتے ہیں، وقتی طور پر شور مچاتا ہے پھر خواب غفلت کی نیند سو جاتا ہے۔

 کیونکہ اس سے پہلے مسلمان خود شرک و بدعات کو اسلام میں داخل کر کے، رسم و رواج اورخرافات کو جاری کر کے، ترکِ صوم و صلاۃ کے ذریعہ، نبی  ﷺ کی سیرت و اسوہ سے بے پرواہ ہو کر، خود ہی اسلام کا خون کرتے ہیں، مگر ذرہ برابر بھی تکلیف نہیں ہوتی نہ ہی ہمارا ضمیر جاگتا ہے۔

ایسا لگتا ہے غیرتِ مذہبیت تو ہے، لیکن غیرت شریعت مردہ ہو چکی ہے، ہمارا نوجوان نبی ﷺ کے نام پر جان تو دے سکتا ہے، مگر نبی کے فرمان کی اس کے درمیان کوئی اہمیت و مقام نہیں۔ 

آج مسلم نوجوان لہو لعب، موبائل کے بیجا استعمال اور دیگر فضولیات میں پڑا رہتا ہے، مگر نبی ﷺ کے آنکھوں کی ٹھنڈک، اسلام کا ستون، کفر اور اسلام کے درمیان فرق کرنے والی صلاة کی کوئی فکر نہیں۔ 

مسلم نوجوان دنیاوی کامیابی کے لئے شب و روز محنت کریں، ٹھیک ہے اچھی بات ہے ۔
مگر ۔۔۔ تلاوت قرآن کے لئے، سیرتِ نبی ﷺ  اور سیرت صحابہ کے لئے، دین کی بنیادی چیزوں کو سیکھنے کے لئے ہر روز ایک گھنٹے بھی نہ نکال سکیں تو صحیح معنوں میں یہ گھاٹے کا سودا ہے 

مسلم نوجوان سائنس و ٹیکنالوجی میں آگے بڑھیں بہت خوب ۔۔۔  
مگر قرآن و سنت سے بالکل نابلد ہوں؟ یہ حقیقی کامیابی نہیں۔۔۔ 

نام کا مسلمان، کام کافر و مشرک والے، اصل میں مسلمان، شکل میں غیروں کی مشابہت، اسلامی تہذیب کا دعویدار، کافر اور یہود و نصاریٰ کی تہذیب کا علمبردار، کہنے کو موحد، محبت نبی ﷺ سے سرشار، مگر شرک و بدعت کا پرچار، اسلام پر قربان ہونے کو تیار، لیکن اسلام پر عمل پیرا ہونا دشوار ۔ 
کیا مسلمان کی کامیابی کا یہی ہے معیار؟؟؟ 
تم ہی بتاو۔ ۔۔۔۔ 
وہ ہیں گستاخ نبی ﷺ۔۔۔۔۔مگر ہم کیا ہیں؟ 

.