..
فی سبیل اللہ روزہ رکھنے سے مراد کیا ہے ؟
؛~~~~~~~~~~~~~؛
حدیث کا مفہوم یہ ہے //کہ جو کوئی اللہ کے راستے میں،،، یعنی فی سبیل اللہ،،، روزہ رکھتا ہے وہ جھنم سے ستر سال کی مسافت دور ہو جاتا ہے وغیرہ!! یہاں فی سبیل اللہ سے مراد صرف اللہ کے راستے میں جہاد کرنے والا خاص ہے، یعنی وہ جھنم سے اتنا دور ہو جائے گا، یا پھر کوئی بھی روزہ رکھتا ہے تو وہ بھی اس فضیلت میں شامل ہو جائے گا،،،، جس کو اللہ ستر سال کی مسافت برابر جھنم سے دور کر دیں گے،،، مختصر یہ ہے کہ اگر کوئی بھی نفلی روزہ رکھتا ہے تو کیا وہ بھی جہنم سے اتنا دور ہو جائے گا،،، یا پھر یہ خاص مجاھد فی سبیل اللہ ہی ہیں،،،،، وضاحت فرما دیں،،، اللہ آپ کی دنیا آخرت میں حفاظت فرمائے(آمین) آپکا دینی بھائی،،،،
مدثر، القصیم، سعودی عرب۔
؛~~~~~~~~~~~~؛
جواب:
بسم اللہ والحمد للہ والصلاۃ والسلام علی رسول اللہ ، اما بعد؛
فی سبیل اللہ سے مراد:
فی سبیل اللہ سے مراد عام طور پر جہاد فی سبیل اللہ ہی لیا جاتا ہے، بعض احادیث میں سفر حج کو بھی سبیل اللہ قرار دیا گیا ہے۔ البتہ جہاں تک تعلق ہے حدیث: "من صام يوماً في سبيل الله باعد الله وجهه عن النار سبعين خريفاً" کا یعنی جو اللہ کے راستے میں ایک دن کا روزہ رکھتا ہے اللہ تعالیٰ اس کے چہرے کو جہنم کی آگ سے ستر سال کی مسافت تک دور کر دیتے ہیں. [مسلم]
تو عرض ہے کہ اس بارے میں علماء کرام نے دونوں احتمالات کو پیش نظر رکھا ہے، سب سے بہتر توجیہ امام ابن دقیق العید نے الاحکام شرح عمدۃ الأحکام (۔۔۔۔) میں پیش کی اور حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے بھی اس سے موافقت کی۔ ابن دقیق العید فرماتے ہیں:
'' قَوْلُهُ " فِي سَبِيلِ اللَّهِ " الْعُرْفُ الْأَكْثَرُ فِيهِ: اسْتِعْمَالُهُ فِي الْجِهَادِ، فَإِذَا حُمِلَ عَلَيْهِ: كَانَتْ الْفَضِيلَةُ لِاجْتِمَاعِ الْعِبَادَتَيْنِ - أَعْنِي عِبَادَةَ الصَّوْمِ وَالْجِهَادِ - وَيُحْتَمَلُ أَنْ يُرَادَ بِسَبِيلِ اللَّهِ: طَاعَتُهُ كَيْفَ كَانَتْ. وَيُعَبَّرُ بِذَلِكَ عَنْ صِحَّةِ الْقَصْدِ وَالنِّيَّةِ فِيهِ وَالْأَوَّلُ: أَقْرَبُ إلَى الْعُرْف''
یعنی عرف میں عام طور پر فی سبیل اللہ کا استعمال جہاد کے لیے ہوتا ہے، اگر یہاں (روزے کی حدیث میں) اسے جہاد پر ہی محمول کیا جائے تو اس طرح دو عبادات جمع ہو سکتی ہیں (یعنی روزہ اور جہاد)، اسی طرح یہ بھی ممکن ہے کہ فی سبیل اللہ سے مراد اللہ تعالیٰ کی اطاعت ہو۔ اس کا اعتبار اس وقت کیا جائے گا جب نیت میں خلوص اور مقصد میں درستگی ہو گی۔ لیکن پہلا معنیٰ عرف کے زیادہ قریب ہے .
[الاحکام شرح عمدۃ الأحکام(۲؍۳۷)]
علامہ عبد الرحمن مبارکپوری رحمہ اللہ نے بھی اسی تشریح کو ترجیح دی ہے۔
امام ابن الجوزی اور نووی وغیرہ نے اس سے مراد صرف جہاد فی سبیل اللہ ہی لیا ہے۔
خلاصہ کلام یہ ہے کہ جہاد فی سبیل اللہ سب سے زیادہ قریب المراد ہے، ما سوائے اس وقت جب قوی کمزور پڑ جائیں اور جہاد و قتال میں رکاوٹ کا باعث ہو تب روزہ افطار کرنا زیادہ افضل ہے۔ البتہ اگر نیت میں خلوص ہو تو عام روزہ بھی اس نوید کا حقدار بن سکتا ہے.
واللہ اعلم
کتبہ:
ابو احمد السلفي عفی عنہ
http://ircpk.com/fatwa/300-%D8%A7%D9%84%D9%84%DB%81-%D8%AA%D8%B9%D8%A7%D9%84%D9%8A-%D9%83%D9%8A-%D8%A7%D9%BE%D9%86%DB%92%D8%A8%D9%86%D8%AF%D9%88%DA%BA-%D9%BE%D8%B1-%D8%B1%D8%AD%D9%85%D8%AA/6815-fi-sabilillah-sa-kia-murad-hai.html
؛~~~~~~~~~~~؛
؛~~~~~~~~~~~؛
حدیث : اللہ کے راستے میں ایک روزہ رکھنے کا ثواب۔۔۔ کی شرح
مقبول احمد سلفی
اسلامی سنٹر،طائف، سعودی عرب
؛~~~~~~~~~~~~؛
صحیحین کی روایت ہے نبی ﷺ کا فرمان ہے :
من صام يوما في سبيل الله، بعد الله وجهه عن النار سبعين خريفا
( صحيح البخاري:2840 و صحيح مسلم : 1153)
ترجمہ : جس نے اللہ تعالیٰ کے راستے میں ایک دن روزہ رکھا، تو اللہ تعالیٰ اس کے چہرے کو جہنم سے ستر سال (کی مسافت کے قریب) دور کر دیتا ہے۔
اس حدیث میں چند مسائل ہیں۔
(1) صوم سے مراد : اس صوم سے مراد نفلی روزہ ہے ۔
(2)فی سبیل اللہ سے مراد:
سبیل اللہ سے کیا مراد ہے ؟ اس سے متعلق علماء میں دو رائیں ہیں ۔
پہلی رائے جہاد ہے اس کے قائلین میں شیخ ابن عثیمینؒ بھی ہیں۔
دوسری رائے اللہ کی خوشنودی ہے اس کے قائلین میں شیخ ابن بازؒ ہیں۔
ویسے سبیل اللہ کا عام طور سے اطلاق جہاد پر ہی ہوتا ہے ساتھ ہی بسا اوقات طاعت کے کاموں پر بھی اس کا اطلاق ہوتا ہے اس وجہ سے یہاں عام معنی یعنی اللہ کی رضا اور اس کی خوشنودی کے طور پر مراد لینا زیادہ مناسب معلوم ہوتا ہے۔ بالفاظ دیگر اخلاص کے ساتھ روزہ رکھنا معنی ہوگا۔
(3) لفظ بعد بخاری کا لفظ ہے ، مسلم میں باعد کا لفظ ہے ۔ اس کا معنی ہے دور کرنے کے یعنی جہنم سے دور کرنا ۔
(4) سبعین خریف : خریف سے مراد سال ہے ، اس طرح اس کا معنی ہوگا ستر سال ۔
(5) الفاظ کا اختلاف: اس روایت میں سبعین خریف کا لفط ہے جبکہ اس کے برخلاف دوسری صحیح روایات میں سوسال اور اس سے زیادہ بھی آیا ہے ۔
سوسال والی روایت :
من صامَ يومًا في سبيلِ اللَّهِ عزَّ وجلَّ باعدَ اللَّهُ منهُ جَهَنَّمَ مَسيرةَ مائةِ عامٍ.
(صحيح النسائي:2253)
ترجمہ : جو اللہ کی راہ میں ایک دن کا روزہ رکھتا ہے اللہ تعالی اسے جہنم سے سوسال کی مسافت کے قریب دور کردیتا ہے ۔
٭شیخ البانی نے اسے صحیح النسائی میں حسن قرار دیا ہے ۔
پانچ سو سال والی روایت :
من صامَ يومًا في سبيلِ اللَّهِ جعلَ اللَّهُ بينَهُ وبينَ النَّارِ خَندقًا كما بينَ السَّماءِ والأرضِ .
(صحيح الترمذي:1624)
ترجمہ : جو آدمی اللہ کے راستے میں ایک دن روزہ سے رہے، اس کے لیے اللہ رب العزت اس کے اور جہنم کے درمیان خندق یعنی گڑھا کھود دیتا ہے، جس کی چوڑائی آسمان و زمین کے برابر ہوتی ہے۔
٭ شیخ البانی نے اسے صحیح الترمذی میں حسن صحیح قرار دیا ہے ۔
٭ یہاں پانچ سو سال کا معنی اس طرح بنتا ہے کہ زمیں سے لیکر آسمان تک کی دوری پانچ سو سال ہے ۔
ان مختلف مسافت کا علماء نے کئی ایک جواب دیا ہے۔
پہلا جواب : سبعین سے مراد کثرت ہے یعنی اللہ تعالی بندے کو جہنم سے بہت دور کردے گا ۔ یہ واضح رہے کہ عرب میں سبعین کا استعمال مبالغہ کے لئے ہوتا ہے۔
دوسرا جواب : روزے کی مشقت وشدت کے اعتبار سے درجے کا فرق ہے ۔
تیسرا جواب : ستر کا سو یا پانچ سو سےکوئی اختلاف نہیں ہے کیونکہ آسمان کی اکثر مسافت پانچ سو ہے جبکہ اقل سترسال ۔اس طرح ستر اور سو پانچ سو میں داخل ہوگا۔
واللہ اعلم بالصواب
.